Donate Now
گورنر بہار کا خانقاہِ عارفیہ و سینٹ سارنگ کانوینٹ اسکول کا دورہ

گورنر بہار کا خانقاہِ عارفیہ و سینٹ سارنگ کانوینٹ اسکول کا دورہ

طلبہ کو دی روشن مستقبل کی دعائیں، اساتذہ کی خدمات کو سراہا

کوشامبی :آج کوشامبی کے معروف روحانی مرکز خانقاہِ عارفیہ، سید سراواں میں گورنر بہار جناب عارف محمد خان صاحب نے دورہ کیا۔ اس موقع پر اُن کا شاندار استقبال کیا گیا۔ خانقاہ کے سجادہ نشین، داعی اسلام حضرت شیخ ابو سعید شاہ احسان اللہ محمدی صفوی دام ظلہ سے ملاقات کی اور دعاؤں کی درخواست کی۔دورے کے دوران گورنر بہار نے خانقاہ کے بانی، سلطان العارفین حضرت مخدوم شاہ عارف صفی قدس سرہٗ کے مزار پر حاضری دی اور گلہائے عقیدت پیش کیے۔ بعد ازاں آٹھویں صدی ہجری کے عظیم بزرگ حضرت سید محمد حقانی رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر بھی حاضری دی۔اس موقع پر ضلع کوشامبی کے اعلیٰ افسران، پولیس اور سول انتظامیہ کے نمائندے موجود تھے، جنہوں نے خانقاہِ عارفیہ کے میدان میں گورنر صاحب کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

گورنر صاحب نے خانقاہ سے متصل تعلیمی ادارہ سینٹ سارنگ کانوینٹ اسکول کا بھی معائنہ کیا۔ اسکول کی مختلف کلاسوں کا دورہ کیا، طلبہ سے خوشگوار انداز میں بات چیت کی، ان کے جوابات سنے اور نیک تمناؤں کے ساتھ روشن مستقبل کی دعائیں دیں۔ اس موقع پر اساتذہ سے بھی ملاقات کی اور ان کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے فرمایا:"استاد بننا ایک عظیم پیشہ ہے، جو قوم کے مستقبل کو سنوارنے کا کام کرتے ہیں۔"

Ad Image