Donate Now
دینی مدارس میں پیشہ ورانہ تعلیم وقت کا تقاضا ہے!

دینی مدارس میں پیشہ ورانہ تعلیم وقت کا تقاضا ہے!

جامعہ عارفیہ میں این آئی او ایس سنٹر اور نئے تعلیمی سال کے افتتاح  کے موقع پروفیسر مظہر آصف کا اظہار خیال

سید سرواں، الہٰ آباد (پریس ریلیز)
جامعہ عارفیہ، خانقاہِ عارفیہ، سید سرواں میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوپن اسکولنگ (NIOS) کے اسٹڈی سنٹر کا باقاعدہ افتتاح بروز جمعہ، ایک پروقار تعلیمی تقریب کے دوران عمل میں آیا۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی پروفیسر مظہر آصف، وائس چانسلر، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی نے فیتہ کاٹ کر سینٹر کا افتتاح فرمایا۔
دوسرے دن صبح دس بجے سید حقانی جامع مسجد میں  ناظم جامعہ مولانا حسن سعید صفوی نے کتب احادیث کے درس  کے ساتھ نئےتعلیمی سال کا آغاز فرمایا۔ اس موقع سے اپنے صدارتی کلمات   میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شیخ الجامعہ پروفیسر مظہر آصف نے تعلیم وتربیت کے حوالے سے پر مغز خطاب کیا۔ آپ نے کہا  کہ تعلیم کے ساتھ ادب وتہذیب کی بڑی اہمیت ہے، جو ہمیں اس ادارے میں نظر آتا ہے۔پروفیسرموصوف جو نئی تعلیمی پالیسی کی تشکیل میں بھی شامل رہے ہیں، نےجامعہ عارفیہ میں این آئی او ایس کے سینٹر کے افتتاح سے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مدارس کے طلبہ کو پیشہ ورانہ تعلیم سے جوڑنا بھی وقت کا تقاضا ہے، تاکہ وہ اپنی زندگی میں معاشی مشکلات سے دوچار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کے فارغین اب آئی ایس ، آئی پی ایس افسر بن رہے ہیں، مختلف نئے میدانوں میں قدم رکھ رہے ہیں۔ اس لیے انہیں کسی احساس کمتری میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ پروفیسرموصوف نے خانقاہ عارفیہ وجامعہ عارفیہ کی علمی، تعلیمی ، تربیتی وروحانی وانسانی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہاں  آکر دل کو سکون ملا اور ان شاءاللہ یہ تعلق آئندہ بھی قائم رہے گا۔ آپ نے یہ بھی فرمایا کہ خانقاہ عارفیہ ایک ایسا تعلیمی وتربیتی ادارہ ہے جہاں جاہل کو عالم، عالم کو عارف اور عارف کو عاشق بنایا جاتا ہے۔


اس تقریب کی نظامت مفتی آفتاب رشک مصباحی نے کی۔ تقریب کا آغاز قاری سرفراز کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد محمد ذکا نےاپنے ساتھیوں کے ساتھ ترانہ جامعہ پیش کیا۔افتتاحی خطاب ڈاکٹر ذیشان احمدمصباحی نے کیا۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے پروفیسر فیض اللہ خان(ممبر این آئی او ایس) نے وائس چانسلر  صاحب کا تعارف کرایا اور ان کی خدمت میں خیرمقدمی کلمات پیش کیے۔ آخر میں مولانا حسن سعید صفوی صاحب نے شیخ الجامعہ کا شکریہ ادا کیا اور صاحب سجادہ خانقاہ عارفیہ داعی اسلام شیخ ابوسعید شاہ احسان اللہ محمدی صفوی  کی دعا پر محفل کا اختتام ہوا۔
 اس تقریب میں جامعہ عارفیہ  کے اساتذہ وطلبہ اور ذمہ داران کے علاوہ شہر و اطراف سے سماجی شخصیات نےبھی  بڑی تعداد میں شرکت کی، جن میں ڈاکٹر عرفان نجف علیمی مدیر ماہ نامہ نواے طب وصحت، جناب شکیل الرحمٰن خان گیسٹ فیکلٹی جامعہ ملیہ اسلامیہ اور محترم شوکت چشتی ، دربھنگہ بہار وغیرہ کے اسما اہم ہیں۔

Ad Image