سید سراواں: سینٹ سارنگ کانوینٹ اسکول، سید سراواں میں ۷۷ویں یومِ جمہوریہ کی تقریب کے دوران طلبہ و طالبات نے تقاریر، ملی نغموں، پریڈ اور اسٹیج پرفارمنس کے ذریعے اس عزم کا اظہار کیا کہ دستورِ ہند کی رہنمائی میں ذمہ دار شہری بن کر ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کیا جائے گا۔ اس موقع پر طلبہ نے کہا کہ ’’آزادی ہمارا فخر، دستور ہمارا رہنما اور اتحاد ہماری طاقت ہے‘‘۔
یہ تقریب 26؍ جنوری 2026ء کو یومِ جمہوریہ کی مناسبت سے اسکول کیمپس میں منعقد ہوئی، جس کا مقصد طلبہ میں حب الوطنی، نظم و ضبط اور آئینی شعور بیدار کرنا تھا۔ پروگرام میں یہ پیغام نمایاں رہا کہ دستور بنیادی حقوق کے ساتھ ساتھ بنیادی فرائض کی یاد دہانی بھی کراتا ہے اور ایک مضبوط قوم کی تعمیر کے لیے قانون کی پاسداری، ایمانداری اور اتحاد ناگزیر ہے۔

پروگرام کی نظامت اعلان کنندہ اقراء فاطمہ نے انجام دی۔ ابتدا میں قومی جذبے سے لبریز دعا ’’لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری‘‘ پیش کی گئی، جس کے بعد اسکول کے سرپرست عارف باللہ شیخ ابو سعید صفوی اور مینیجر ساجد سعیدی کے ہاتھوں قومی پرچم کشائی عمل میں آئی اور حاضرین نے قومی ترانہ ’’جن گن من‘‘ احترام کے ساتھ پڑھا۔ بعد ازاں طلبہ نے مارچ پاسٹ کے ذریعے نظم و ضبط اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ اس کے بعد کلاس سات کے طالب علم ابراہ سرور نے یومِ جمہوریہ کی تاریخی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ 26؍ جنوری 1950ء کو دستور نافذ ہوا، جو ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور شہریوں کو مساوات، آزادی اور انصاف جیسے بنیادی حقوق عطا کرتا ہے۔ بعد میں کلاس آٹھ کی طالبہ جویریہ خاتون نے ہندی میں خطاب کرتے ہوئے دستور کے اقداری نظام، آزادی، مساوات اور ذمہ داری کو قومی تعمیر کی اساس قرار دیا اور نوجوان نسل کو قوم کے مستقبل کا ضامن بتایا۔ اسی تسلسل میں ایک مختصر اسٹیج ڈرامہ ’’گفٹ آف کانسٹی ٹیوشن‘‘ پیش کیا گیا، جس میں بنیادی حقوق و فرائض کی عملی اہمیت واضح کی گئی۔ پھر ایک ملی نغمہ ’’میں مر بھی جاؤں تو وطن یہ یاد رہے گا‘‘ پیش کیا گیا۔ بعد ازاں کلاس ششم کی طالبہ راحلہ بانو نے اردو تقریر میں کہا کہ جمہوریت صرف ووٹ ڈالنے کا نام نہیں بلکہ انصاف، مساوات اور باہمی احترام کا مکمل نظام ہے؛ اگر شہری فرائض بھول جائیں تو حقوق بے معنی ہو جاتے ہیں۔ بعد ازاں کلاس سات کی طالبہ بشریٰ فاطمہ نے نظم کے ذریعے امن، اتحاد اور باہمی رواداری کا پیغام دیا۔

تقریب کے اختتام پر اسکول کوآرڈینیٹر مس نیہا نے انتظامیہ، اساتذہ، عملے اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا اور اتحاد، احترام اور حب الوطنی کے جذبے کو ہمیشہ زندہ رکھنے کی تلقین کی۔
Leave your comment