حضور داعی اسلام ادام اللہ ظلہ علینانےمرشداعظم، ہادی دوعالم ﷺ کے طرز دعوت وتبلیغ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فرمایاکہ نبی کریم ﷺ کی دعوتی زندگی کے دو پہلو ہیں:
۱۔مکی زندگی
۲۔مدنی زندگی
مکی زندگی کے دو حصے ہیں:
۱۔قبل اعلان نبوت
۲۔بعداعلان نبوت
اور مدنی زندگی کے بھی دو حصے ہیں:
۱۔قبل فتح مکہ
۲۔بعدفتح مکہ ہر ادوارمیں آپ کی دعوت کے اسلوب الگ رہے اور جب اخیر میں مکہ فتح ہوا اوراسلام کوغلبہ حاصل ہوگیاتوفتح مکہ کے بعد جو اصول وضوابط اور قوانین نافذکیے گئے وہی اسلامی قوانین آج بھی جاری ہیں اوراسلامی نظام کی بقااورحفاظت انھیں قوانین کے قیام ونفاذ میں ہے ۔ لیکن جب بھی کوئی مرد مومن، داعی ومبلغ دعوت وتبلیغ کے میدان میں نکلے تو یہ ضروری ہوگا کہ مرشداعظم نبی آخر الزماں ﷺ کی مکمل زندگی اس کے سامنے ہواورسیرت طیبہ کا کوئی بھی پہلواس کی نظرسے اوجھل نہ ہو۔ مرشداعظم ﷺ کی حیات طیبہ کی روشنی میں وہ داعی ومبلغ یہ طے کرے کہ کب اس کو خلوت اختیار کرنا ہےاور کب دعوت؟ کب اسلام کی خاموش تبلیغ کرنی ہے اورکب اعلانیہ؟کب اسے قریبی رشتے داروںمیں اللہ کا پیغام پہنچاناہے اورکب ساری کائنات کو اپنی دعوت کا مخاطب بناناہے؟کب ہجرت کرنی ہے اورکب صلح ومعاہدہ ۔ رسول اللہ ﷺ کی مکمل زندگی ہمارے لیے اسوۂ حسنہ اورنمونۂ عمل ہے۔ ایسا نہیں کہ ایک پہلو تو قابل عمل اور نمونۂ حیات ہے اوردوسرا پہلولائق عمل نہیں۔جب کہ اللہ کاارشاد ہے:لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِيْ رَسُوْلِ اللّٰهِ اُسْوَةٌ حَسَنَةٌ (احزاب:۲۱)
خضرِ راہ ، جنوری ۲۰۱۳ء
Leave your comment