Donate Now
سلطنت آپ کی اور نظام آپ کا – اظہارؔ شادانی

سلطنت آپ کی اور نظام آپ کا – اظہارؔ شادانی

سلطنت آپ کی اور نظام آپ کا
آپ آقا مرے، میں غلام آپ کا

آپ کے در کی خدمت سعادت مری
اور بندہ نوازی ہے کام آپ کا

آپ کے نقشِ پا چومتا ہے جہاں
معتقد ہے ہر اک خاص و عام آپ کا

شانِ وحدت ہے کثرت میں جلوہ نما
لاکھوں مے نوش اور ایک جام آپ کا

آج تک کوئی مایوس لوٹا نہیں
جاری ہر سمت ہے فیضِ عام آپ کا

آپ محبوب، محبوب، محبوبِ حق
نام لیوا ہے عالم تمام آپ کا

کیوں نہیں حشر میں بخشا جائے گا وہ
عاشقِ مصطفیٰ ہے غلام آپ کا

کیا مٹائے گی اظہارؔ دنیا اسے
نقش ہے صفحۂ دل پہ نام آپ کا

----------

مِٹ کے اِک اِک ستم بن گئے سب کرم
پی لیا جب محبت میں جام آپ کا

خوفِ دنیا ہے مجھ کو نہ عقبیٰ کا ڈر
میرے محبوب! میں ہوں غلام آپ کا

آپ جس طرح چاہیں حکومت کریں
راضی ہر حال میں ہے غلام آپ کا


 

Ad Image