جامعہ عارفیہ میں چھ روزہ دورۂ فقہ و حدیث کے اختتام پر تقسیم اسناد واعزازات
جامعہ عارفیہ ، سید سراواں مرکز الثقافہ ، کیرالہ سے آئے ہوئےورک شاپ کے خصوصی مہمان ڈاکٹر عبدالحکیم سعدی نے اصول فقہ اور اصول حدیث کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ اصول فقہ اوراصول حدیث کی معرفت ناگزیر ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اس کے مطالعہ سے ہم ائمہ مجتہدین کی تحقیقات اور ان کی مساعی کو سمجھنے کے اہل ہوتے ہیں، جن کے فہم پر اعتماد نہ ہو تو دین کے نام پر موجود پورا ذخیرہ ہی مشکوک ہو جائے۔
دورہ کے محاضر خاص ڈاکٹر شیخ محمد خامس بن سلیمان ازہری نے نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ طالب علم کو چاہیے کہ علوم اسلامیہ کے ہر فن کی کم از کم دو ، تین کتابوں کا مکمل مطالعہ ضرور کرے ، علاوہ ازیں ہر فن کی کم از کم ایک کتاب کو ضرور حفظ کر ے تاکہ علم میں گہرائی اور استحضار پیدا ہو۔ بعد ازاں ۲۳ ؍ اپریل سے ۲۸ ؍ اپریل تک جاری اس دورۂ فقہ و حدیث کے ۷۰؍ سے زیادہ مشارکین علما و طلبہ کو شاہ صفی میموریل ٹرسٹ کی جانب سے داعی اسلام کے ہاتھوں سرٹیفیکیٹ بھی تفویض کی گئی۔
اس کے بعد شیخ خامس ازہری کو داعی اسلام کے ہاتھوں شال ، شیلڈ اور اعزازی سرٹیفیکٹ سے نوازا گیا۔ ڈاکٹر عبد الحکیم سعدی کو بھی داعی اسلام کے ہاتھوں اعزازی شال سے نوازا گیا۔ اس کے بعددورہ میں شریک طلبہ نے اپنے تاثرات پیش کیےـ۔
آخر میں جامعہ کے استاذ مولانا ذیشان احمد مصباحی نے کلمات تشکرادا کرتے ہوئے تمام حاضرین کو اس کامیاب پروگرام پر مبارک باد پیش کی اور ملک کے مختلف حصوں سے تشریف لائے ہوئے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔
اس موقع پر شاہ صفی اکیڈمی سے مسئلہ اذان و اقامت ، ایک معتدل نظریہ کتاب کے جدید ایڈیشن کی رونمائی بھی علمائے کرام کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ اخیر میں صاحب زادہ داعی اسلام شیخ حسن سعید صفوی کی دعاؤں پر یہ اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا ۔ مولانا محمد ذکی نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ واضح رہے کہ اس اجلاس میں حضرت افضال محمد فاروقی صفی پور شریف اور حضرت محبوب اللہ بقائی مہوبا خصوصی طور پر شریک رہے ۔
Leave your comment