Donate Now
جامعہ عارفیہ میں جشن خواجہ مہاراجہ بعنوان پیغام اخوت و محبت کا انعقاد

جامعہ عارفیہ میں جشن خواجہ مہاراجہ بعنوان پیغام اخوت و محبت کا انعقاد

خواجہ صاحب نے ہندوستا ن میں اسلام کی دعوت اوراخوت ومحبت کو عام کیا  : شیخ حسن سعید صفوی

مورخہ 4 اپریل 2017 

  خواجہ غریب نواز حضرت معین الدین حسن سجزی اہل ہند کے محسن اس خاک میں اسلام کی دعوت کو عام کرنے والے اور اخوت ومحبت کی شمع روشن کرنے والے ہیں۔اہل ہند خواجہ صاحب کے اس احسان سے کبھی سبک دوش نہیں ہوسکتے اور نہ ہی خواجہ صاحب کے طریق اخوت و محبت کا اتباع کیے بغیر ملک کی سالمیت اور مسلمانوں کے اتحاد کی راہیں کھل سکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار آج خانقاہ عالیہ عارفیہ کے ولی عہد مولانا حسن سعید صفوی نے جامعہ عارفیہ، سید سراواں میں عرس خواجہ غریب نواز کے موقع پرمنعقدجشن خواجہ غریب نواز میں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ خانقاہ عارفیہ حضرت خواجہ کے سلسلے کی خانقاہ ہے اور اس کے صاحب سجادہ داعی اسلام شیخ ابوسعید صفوی دام ظلہ خواجہ صاحب کے ہی نقش قدم کے متبع اور انہی کی روشنی کو عام کرنے میں مصروف ہیں اور ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم سب اس مشن کا حصہ بنیں۔

جامعہ عارفیہ کے نائب پرنسپل مفتی کتاب الدین رضوی نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم خواجہ صاحب کے مشن کو عام کریں ۔ ہم سب خود بھی چشتی رنگ میں رنگ جائیں اور اس رنگ کو اس قدر آسان کر کے لوگوں تک پہنچائیں کہ کوئی اس رنگ میں رنگنے سے باقی نہ بچے ۔لیکن سوال ہے کہ چشتی رنگ ہے کیا؟ چشتی رنگ یہ ہے کہ غیر مانوس جگہ پر غیر مانوس زبان میں غیر متعارف افراد کے بیچ اللہ کے رسول کے لائے ہوئے دین پر اس طرح جمے رہناکہ دوسرا متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے ۔ دین کی یہ سادہ اور عملی پیش کش اس قدر جاذب ہوتی ہے کہ مخاطب یا تو دین حق کو قبول کرلیتا ہے یا کم از کم ان سے نفرت کرنا چھوڑدیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار آج جامعہ عارفیہ کے نائب پرنسپل مفتی محمد کتاب الدین رضوی نے جامعہ عارفیہ، سید سراواں میں عرس خواجہ غریب نواز کے موقع پرمنعقدجشن خواجہ غریب نواز میں کیا۔

جامعہ کے استاذ مولانا ضیاء الرحمٰن علیمی نے اپنے ابتدائی خطاب میں فرمایا کہ اللہ کے نیک بندے اور نبی کے سچے نائبین لوگوں کے سامنے اللہ کی آیتوں اور اس کی خدائی کا ذکر کرتے ہیں ، لوگوں کے دلوں سے گندگیوں اور کدورتوں کو صاف کرتے ہیں اور دین اسلام کی تعلیمات سے آگاہ کرتے ہیں ۔ خواجۂ خواجگاں حضرت خواجہ غریب نواز انہیں نیک بندوں میں سے تھے جنہوں نے اللہ کے بندوں کا رشتہ اللہ سے مضبوط کیا اور کفر و شرک کا خاتمہ کر کے توحید کو لوگوں کے دلوں میں راسخ فرمایا ۔ 

واضح رہے کہ جامعہ عارفیہ میں منعقدجشن خواجہ مہاراجہ بعنوان پیغام اخوت و محبت کی ابتدا قاری سرفراز ازہری نے تلاوت کلام پاک سے کی ، اس کے بعد جامعہ کے ایک طالب علم محمد دانش نے خواجہ غریب نواز کی شان میں منقبت کے اشعار پیش کیے۔ساتھ ہی جامعہ کے استاذ مولانا رفعت رضا نوری نے حضور داعی اسلام کی خواجہ صاحب کی شان میں لکھی منقبت سے بھی حاضرین کو محظوظ فرمایا ۔آخر میں صلاۃ وسلام اور جامعہ عارفیہ کے سربراہ داعی اسلام شیخ ابو سعید شاہ احسان اللہ محمدی صفوی دام ظلہ العالی کی دعاؤں پر محفل اختتام پذیر ہوگئی۔  

Ad Image