Donate Now
شیخ احسان اللہ صفوی کے پاس بیٹھنے والے ہالہ نور میں ہیں: شیخ خامس بن سلیمان-محدث سوڈان

شیخ احسان اللہ صفوی کے پاس بیٹھنے والے ہالہ نور میں ہیں: شیخ خامس بن سلیمان-محدث سوڈان

استقبالیہ تقریب میں حافظ صحاح ستہ الشیخ محمد خامس بن سلیمان الازہری کا اظہار خیال

جامعہ عارفیہ ، سید سراواں میں سوڈان کے محدث شیخ خامس کا پرزور استقبال کیا گیا ۔آپ گزشتہ روز اتر پردیش کے مشہور و معروف ادارہ جامعہ عارفیہ میں مہینے بھر کے دورے پر تشریف لائے ہیں۔ جامعہ حاضری پر آپ کا پرزور استقبال کیا گیا اور جامعہ کے بانی و سرپرست داعی اسلام شیخ ابو سعید شاہ احسان اللہ محمدی صفوی دام ظلہ اور جامعہ عارفیہ کے اساتذہ نے پھولوں کا ہار پیش کر کے آپ کی تشریف آوری پر دلی مسرت کا اظہار فرمایا ۔

شیخ خامس نے اپنے تاثراتی بیان میں کہا کہ یہ میرے لیے شرف کی بات ہے کہ میں داعی اسلام سے ملاقات کے لیے ہندوستان حاضر آیا اور مجھے اس عظیم ادارے کی زیارت کا موقع نصیب ہوا۔ آپ نے شیخ جامعہ سے اپنی بے پناہ محبتوں اور عقیدتوں کا بھی اظہار فرمایا ۔ آپ نے مزید کہا کہ اس ادارے میں رہنے والا ہرفرد چاہے وہ استاذ ہو یا طالب علم یا کسی بھی طور پر جامعہ اور شیخ جامعہ سے منسلک ہے وہ خوش نصیب اور خوش بخت ہے گویا یہاں رہنے والے اور شیخ کے پاس بیٹھنے والے سب ہالہ نور میں ہیں ۔اسی لیے چاہیے کہ شیخ کے زیر سایہ رہتے ہوئے جس قدر ہو سکےاللہ و رسول کے دین کی خدمت کرے اور اپنی عاقبت کوسنواریں ـ

استقبالیہ پروگرام میں مولانا ضیاء الرحمٰن علیمی ، استاذ جامعہ عارفیہ نے آپ کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ آپ کو نائیجیریا اور سوڈان دونوں ملکوں کی شہریت حاصل ہے ۔ آپ نائیجیریا کے مفتی اعظم شیخ ابراہیم صالح حسینی کے خاص مرید و خلیفہ ہیں ۔ آپ کو داعی اسلام حضرت شیخ ابوسعید شاہ احسان اللہ محمدی صفوی مد ظلہ العالی نے مارچ 2017 میں سفر مصر کے دوران خلافت و اجازت سے نوازا تھا۔ساتھ ہی آپ دار الحدیث سوڈان کی جانب سےالامام المسندکے لقب سے نوازاے جا چکے ہیں۔ آپ کو شیخ الازہر احمد الطیب ، شیخ حبیب عمر علی الیمنی ، شیخ حبیب علی الجفری ، شیخ سعید رمضان البوطی ، شیخ عمر ہاشم ، ڈاکٹرحسن الشافعی ، مفتی علی جمعہ ، شیخ نور الدین عتر الدمشقی ، شیخ عبد الباعث الکتانی جیسے اکابر علما و مشایخ عرب سے خصوصی تلمذ و اجازت حاصل ہے ۔

مولانا ضیا نے مزید بتایا کہ آپ صحاح ستہ کے علاوہ متعدد حدیث و فقہ و اصول کے متون کے حافظ بھی ہیں ۔ کلیہ اصول الدین جامعہ ازہر سے التمثیل السیاسی فی الاسلام والقانون الدولی - دراسۃ مقارنۃ کے عنوان پر پی ۔ایچ۔ ڈی ۔بھی کر رہے ہیں ۔خصوصیت کے ساتھ آپ دارالافتاء المصریۃ القاہرۃ میں سابق مفتی اعظم مصر ڈاکٹر علی جمعہ کے زیر سایہ مفتی مساعد کے طور پر خدمت بھی انجام دے چکے ہیں ۔آپ حدیث ، فقہ و اصول پر دو درجن سے زائد فاضلانہ کتابوں کے مصنف ہیں ۔

اس تقریب کی نظامت جامعہ عارفیہ کے فاضل استاذ مولانا محمد ذکی نے کی جب کہ مطلوب ظفر  نے اپنے ہم نواؤں کے ساتھ دف پر تہنیتی کلام پیش کیا۔ شیخ محمد خامس کی آمد کے موقع پر جامعہ عارفیہ میں اگلے مہینے ۲۳ ؍ اپریل سے دس روزہ دورۂ فقہ و حدیث کا بھی انعقاد ہونے جا رہا ہے جس کا رجسٹریشن الاحسان میڈیا کی ویب سایٹ پر جا کر کیا جا سکتا ہے ۔

Ad Image