Donate Now
جامعہ ازہرمصر کی جانب سے شیخ ابو سعید صفوی الٰہ آبادی کی خدمت میں ایوارڈ پیش کیا گیا

جامعہ ازہرمصر کی جانب سے شیخ ابو سعید صفوی الٰہ آبادی کی خدمت میں ایوارڈ پیش کیا گیا

شیخ ابو سعید نے کہا کہ جامعہ ازہر دنیا میں اسلام کی صحیح اور معتدل نمائندگی کر رہا ہے۔ جامعہ ازہر کے وائس چانسلر  نے تعلیمی تعاون کا بھرپور یقین دلایا

خانقاہ عارفیہ کے صاحب سجادہ دور حاضر کے عظیم مربی و داعی، جامعہ عارفیہ الٰہ آبادکے بانی و سربراہ داعی اسلام شیخ ابو سعید شاہ احسان اللہ محمدی صفوی جامعہ ازہرکادورہ مصر انتہائی کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

علمائے ازہر سے تفصیلی ملاقاتیں رہیں ، مذہب و شریعت اور تصوف و روحانیت اور امن و آشتی کے موضوعات زیر بحث رہے۔ ہندوستان میںحضرت داعی اسلام کی ہمہ جہت دینی و ملی اور انسانی و روحانی خدمات کے اعتراف میں جامعہ ازہر کے وائس چانسلر ڈاکٹر احمد حسنی طہ نے ان کی خدمت میں ایوارڈ پیش کیا۔

اس موقع سے داعی اسلام  نے جامعہ ازہر کی دینی و علمی خدمات کی بھرپور تحسین فرمائی اور اس حقیقت کا بر ملا اعتراف کیا کہ جامعہ ازہر دنیا میں اسلام کی صحیح اور معتدل نمائندگی کر رہا ہے۔یہ باتیں اس سفر میں داعی اسلام کے ترجمان مولانا ضیاء الرحمان علیمی نے بتائیں۔

جامعہ ازہر میں شعبہ عربی ادب کے ریسرچ اسکالر مولانا اظہار احمدسعیدی نے بتایا کہ اس موقع پر شیخ الازہر کسی خارجی دورے پر تھے، البتہ ان کے مشیر اور دیگر علمائے ازہر بشمول سابق وائس چانسلر ڈاکٹر ابراہیم صلاح الہدہد سے بھی ملاقاتیں رہیں ، جو سال گذشتہ جامعہ عارفیہ کا دورہ کرچکے ہیں۔

علمائے ازہر کے سامنے حضرت داعی اسلام کا تعارف انھوں نے بہ نفس نفیس کرایا اور ان کی شخصیت اور خدمات سے علماے ازہر کو واقف کرایا۔ واضح رہے کہ اس قسم کے اعزازی شیلڈجامعہ ازہر اپنے خاص مندوبین اور سرکردہ شخصیات کی خدمت میں پیش کرتا رہا ہے۔ ماضی میں ہندوپاک کی دیگر شخصیات بھی اس اعزازیے سے سرفراز ہوتے رہے ہیں۔

اس سفر میں داعی اسلام کی ملاقات شیخ الازہر کی عدم موجودگی میں ان کے مشیر ڈاکٹر عبد الدائم نصیر اور سفیر عبد الرحمٰن سے ان کے آفس میں ہوئی ، جہاں داعی اسلام نے شاہ صفی اکیڈمی سےطبع شدہ مشایخ چشت پر مجلہ الاحسان کا خصوصی عربی شمار ہ اور الرسالۃ المکیۃ کے ساتھ اکیڈمی کی دیگر کتابوں کوان کی خدمت میں پیش کیا ۔

جامعہ ازہرکے جنرل سکریٹری ڈاکٹر مومن اوراسلامی ریسرچ اکیڈمی کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محی الدین عفیفی سے بھی خوشگوار ملاقاتیں ہوئیں اور مختلف مسائل پر تبادلۂ خیال ہوا ۔

مشائخ ازہر کے زیر اہتمام قاہرہ میں بہت ساری تنظیمیں علم و عرفان کی خدمت میں مصروف ہیں، جن میں شیخ حسین احمد صِدقی کی جمعیۃ میں داعی اسلام کو خصوصی مہمان کی حیثیت سے مدعو کیا گیا ۔ جہاں کے ذمہ داروں نے اپنی بے پناہ محبت اور خلوص کا مظاہرہ کرتے ہوئے داعی اسلام کا پرتپاک استقبال کیا اور آپ سے دعاؤں کےطالب ہوئے ۔

واضح رہے کہ چند سالوں سے جامعہ عارفیہ کا جامعہ ازہر ، مصر سے علمی تعاون کا سلسلہ مسلسل جاری ہے ۔ حال ہی میں جامعہ ازہر سے بھیجے گئے عربی ادب کے استاذ عبد اللطیف خلف عبد اللطیف فرغلی اپنا تین سالہ وقت جامعہ عارفیہ کے استاذ کی حیثیت سے پورا کر کے رخصت ہو چکے ہیں اور اب ازہر شریف سے دو استاذ کی جامعہ عارفیہ میں آمد متوقع ہے جب کہ جامعہ عارفیہ کے ایک درجن سے زائد فارغین ازہرشریف میں زیر تعلیم ہیں اور مختلف اسلامی علوم میں مہارت کے لیے کوشاں ہیں ـ۔

Ad Image