Donate Now
اہل حق حیلہ سازی نہیں، جاں نثاری کرتے ہیں

اہل حق حیلہ سازی نہیں، جاں نثاری کرتے ہیں

خانقاہ عارفیہ ، سیدسراواں میں ذکر شہادتین کی محفل کا انعقاد

سید سراواں ، الٰہ آباد ایمان لانے والے اور اسلام کا دم بھرنے والوں کو اللہ ضرور آزماتا ہے ۔ کبھی نفع اور فائدہ کو روک کرآزمائش کی جاتی ہے تو کبھی زندگی میں مصیبت اور تنگی ڈال کر آزمایا جاتا ہے ۔ حضرت امام حسن رضی اللہ عنہ کی زندگی ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ دین کی حفاظت اور امت میں اتحاد و اتفاق پیدا کرنے کے لیے ہاتھ آئی حکومت بھی اگر قربان کرنی پڑ جائے تو سب کچھ لٹا کر دین کو بچایا جائے اور حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی قربانی سے ہمیں یہ درس ملتا ہے کہ دین کی حفاظت کی خاطر اگر مصیبتوں کا پہاڑ بھی ٹوٹ پڑے تو ثابت قدم رہ کر اللہ کی مرضی کو نافذ کرنے اور اسلام کی سربلندی کے لیے خون کے آخری قطرے تک کوشش کرنی ہے ۔

مذکورہ باتوں کا اظہار خانقاہ عالیہ عارفیہ ، سید سراواں میں منعقد ’’ذکر شہادتین ‘‘ کی محفل میں نقیب الصوفیہ مفتی محمد کتاب الدین رضوی نے کیا ۔ آپ نے حدیث شریف کے حوالے سے مزید کہا کہ نا اہل اگر ذمہ داری والے مناصب پر فائز ہونے لگیں تو امت میں امانت کا فقدان ، نفس پرستی اور خیانت کی کثرت ہو جائے گی جو کہ قیامت کی نشانی ہے ۔ دین کی حفاظت اور امت کی بھلائی اسی میں ہے کہ جس ذمہ داری کے جو اہل ہوں انہیں ہی منصب پر رہنا چاہیے۔ مصلحت اور حیلہ کے حوالے سے گفتگو جاری رکھتے ہوئے آپ نے کہا کہ آج ہمارا حال یہ ہو چکا ہے کہ ہم دین کے تابع نہیں رہے بلکہ دین کو ہم نے اپنے نفس کے تابع کر لیا ہے کہ جو ہماری مرضی ہوتی ہے اس کو ہم کر جاتے ہیں اور کوشش کرتے ہیں کہ کسی طرح کوئی شرعی بہانہ مل جائے ؛ حالانکہ دین نام ہے اپنی مرضی کو اللہ کی مرضی کے تابع کرنے کا کہ ہم اپنے ہر عمل میں یہ دیکھیں کہ اللہ و رسول کی کیا مرضی ہے ۔ حضرات حسنین کریمین کی زندگی اور ان کی قربانی ہمیں یہی پیغام دیتی ہے کہ ہم شرعی تقاضوں کو پورا کرنے میں حیلوں اور بہانوں سے باز آئیں اور دین کے لیے قربانیاں دینے والوں کو یاد کر کے اور ان کو اپنا رول ماڈل مان کر سیدھی راہ پر چلنے کی کوشش کریں؛ کیوں کہ اہل حق حیلہ سازی نہیں، جاں نثاری کرتے ہیں۔

پروگرام کی ابتدا محمد آصف ، متعلم جامعہ عارفیہ کی تلاوت سے ہوئی جب کہ مطلوب ظفر ، متعلم جامعہ عارفیہ نے شہدائے کربلا کی بارگاہ میں منظوم خراج عقیدت پیش کیا ۔ نظامت کے فرائض مولانا رفعت رضا نوری نے ادا کیے ساتھ ہی آپ نےاپنی پر سوز آواز میں اہل بیت اطہارکی بارگاہ میں سلام کے نذرانےبھی پیش کیے ۔ اخیر میں حضور داعی اسلام شیخ ابو سعید شاہ احسان اللہ محمدی صفوی کی دعاؤں پر محفل اختتام پذیر ہوئی ۔

Ad Image