Donate Now
شاہ صفی اکیڈمی

شاہ صفی اکیڈمی

یہ ادارہ تصوف اور انسانیت کے فروغ کے حوالے سے مختلف قدیم  ترین وجدید کتابوں کی تصنیف، تحقیق اور تدوین کے کام میں مشغول ہے۔تصوف کے ایک پانچ سو سالہ جامع کتاب مجمع السلوک ، روحانی تربیت کا منشور نغمات الاسرار، تکفیریت اور تشدد کے خلاف مسئلۂ تکفیر و متکلمین، مسئلہ سماع کی درست تفہیم کے لیے الموسیقی فی الاسلام، فوائد سعدیہ، مرج البحرین، تکمیل الایمان وغیرہ اس کی اہم اشاعتیں ہیں۔ مسئلۂ جہاد کی صحیح تعبیر و تشریح  کے لیے تفہیم جہاد اور فتاویٰ صوفیہ( آٹھ سو سالہ قدیم )سمیت اوربھی بہت سی کتابیں ہیں جس کی تحقیق و تخریج اور تصحیح و تعلیق میں ماہر زبان و بیان علما و فضلا  کی ٹیم مسلسل لگی ہوئی ہے۔

اکیڈمی نے 2010ء سے تصوف پر مشتمل تحقیقی و دعوتی مجلہ الاحسان کا ایک کتابی سلسلہ بھی شروع کیا ہے جس کے متعدد شمارے عربی اور اردو زبان میں  شائع ہوچکے ہیں۔ اس مجلے کا ایک قابل ذکر پہلو یہ بھی ہے کہ اس کا ہر شمارہ کسی نہ کسی علمی و صوفی شخصیت کی حیات و خدمات پر مشتمل ہوتا ہے۔ جب کہ دسواں اور گیارہ شمارہ بالترتیب محبوب الٰہی اور محبوب سبحانی نمبر ہیں اور یہ دونوں شمارے محبوب الٰہی اور محبوب سبحانی کے تعلق سے ایک ممتاز و منفرد علمی و تحقیقی انسائکلوپیڈیا کی حیثیت رکھتے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی 2012 سے اکیڈمی عام فہم زبان میں ایک خالص دینی و اصلاحی رسالہ خضر راہ (اردو-ہندی) ہر ماہ بڑی پابندی سے شائع کر رہی  ہےجو اردو- ہندی جاننے والوں کے لیے کسی دینی ا خلاقی سوغات سے کم نہیں ہے۔ آسان زبان و بیان کی وجہ سے  یہ رسالہ عوام و خواص ہر دو طبقات میں اپنی ایک خاص پہچان بنا چکا ہے۔

واضح رہے کہ عارف باللہ داعی اسلام حضرت شیخ ابوسعید شاہ احسان اللہ محمدی صفوی دام ظلہ نے 2008 میں ’’شاہ صفی اکیڈمی‘‘ کا قیام فرمایاجس کا بنیادی مقصد اردو، فارسی ، عربی ، ہندی ، اور انگریزی زبان میں تصوف کی قدیم و جدید کتابوں کی اشاعت ہے۔   اِس کے ساتھ ہی اکیڈمی کو متحرک و فعال رکھنے کے لیے اہالیان ِعلم وفکر کی ایک قابل رشک ٹیم تشکیل دی تاکہ اکیڈمی اپنا علمی و اشاعتی سفر بخوبی طے کرسکے۔ چناں چہ علمی منصوبہ بندی، تحقیق و تصنیف اور ترتیب و تالیف کے حوالے سے اکیڈمی ٹیم ذمہ دار ہے جب کہ طباعت، اشاعت اور سرکولیشن کی ذمہ داری اشاعتی عملہ کے سپرد ہے۔

Ad Image