آج جامعہ عارفیہ میں جامعہ کے بانی و سرپرست داعی اسلام شیخ ابو سعید شاہ احسان اللہ محمدی صفوی کی سرپرستی میں تعلیمی افتتاحی پروگرام کا انعقاد ہوا۔ تلاوت کلام اللہ اور حمد ونعت کے بعد مولانا ذیشان احمد مصباحی نے علم دین اور تفقہ کا صحیح نظریہ اور اس کے حصول کے آداب کے حوالے سے خطاب فرمایا ، ساتھ ہی آپ نے تعلیم کے مقاصد پر نہایت علمی اور جامع روشنی ڈالی۔ اس کے بعد جامعہ کے نائب پرنسپل مفتی محمد کتاب الدین رضوی صاحب نے اساتذہ ومنتظمین نیز جدید وقدیم طلبہ کو نصیحت آمیز کلمات سے نوازا ۔آپ نے کہا کہ ہمیں دو باتوں پر بھر پور توجہ دینے کی ضرورت ہے؛ ایک یہ کہ ہماری نیتیں درست ہوں کہ ہم کس لیے تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور اساتذہ کس لیے تعلیم دے رہے ہیں اور منتظمین کس لیےتعلیمی مشن کے انتظام و انصرام میں کوشاں ہیں۔ طلبہ، اساتذہ اور انتظامیہ کی نیت رضائے الٰہی کا حصول ہونا چاہیے۔ اور دوسری بات یہ کہ ہم علم کے ساتھ اس پر عمل پیرا ہو نے کی کوشش کریں ۔اس لیے تعلیم حاصل کریں تا کہ ہم اس کے ذریعے سے اللہ رب العزت کی ذات کا ادراک اور اس کی معرفت حاصل کر سکیں۔ اس کے بعد مفتی صاحب نے تمام جماعتوں کی ایک ایک کتاب کی بسمل اللہ خوانی فرمائی۔
صاحب زادہ داعی اسلام حضرت مولانا حسین سعید صفوی کی دعاؤں پر یہ مجلس اختتام پذیر ہوئی ۔
Leave your comment