یوم تاسیس کے موقع پرسینٹ سارنگ کانونٹ اسکول میں تعلیمی بیداری پروگرام کا انعقاد
(پریس ریلیز)سیدسراواں:’’اچھی تعلیم انسان کا زیور ہے اور ہرسطح پر اچھی تعلیم انسان کی ضرورت ہے۔ تعلیم کے بغیر صالح معاشرے کی تشکیل ممکن نہیں تعلیم ہر انسان کا پیدائشی حق ہےاورحصول تعلیم میں کسی کی قسم کی تفریق درست نہیں تعلیمی نصاب میں دوسرے مضامین کے ساتھ اخلاقیات کی شمولیت انتہائی ضروری ہے۔ چوں کہ اساتذہ کی حیثیت ایک مربی کی ہوتی ہے اِس لیےاُن پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ طلبا اور طالبات کی اچھی تعلیم کے ساتھ اُن کی اخلاقی تربیت پر بھی بالخصوص فوکس کریں تاکہ اُن کے اندر کائنات کو خوب صورت بنانے اور تعمیراِنسانیت جیسے جذبات پیداہوں اور ملک ومعاشرے کی تشکیل میںہرسطح پروہ اپنا اَہم کردار نبھاسکیں۔‘‘یہ پیغام مولاناحسین سعید صفوی نے جامعہ عارفیہ کیمپس میں واقع سینٹ سارنگ کانونٹ اِسکول کے یوم تاسیس کے موقع پر منعقد ایک تعلیمی بیداری پروگرام میںحضرت شیخ ابوسعید شاہ احسان اللہ محمدی کی طرف سے پڑھ کرسنایا۔
اِس سے پہلے پروگرام کا آغاز سورۂ والتین کی تلاوت سے کیاگیا۔اُس کے بعد حمدیہ کلام بزبان ہندی اجتماعی طور پرطلبا نے پیش کیاجس کے بول تھے: ’’اے خالق و مالک جگ داتا‘‘۔ اِس موقع پربالخصوص تعلیم وتربیت کے سلسلے میں معاشرتی اور سماجی سطح پر بیداری لانے والے پروگرام پیش کیے گئےجس میں اِسکول ہذا کے طلبا اور طالبات نے اپنی تعلیمی ہنرمندی اور خوش فکری کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ تعلیمی بیداری کے پیش نظر جوموضوعات سرفہرست رہے اُن میں سے ’’ لڑکیوں میں تعلیمی بیداری، موبائل کے مناسب اور غیرمناسب اِستعمال سےمتعلق بیداری، موبائل فوبیا اور پلاسٹک سے ہونےوالی بیماریوں سے متعلق بیداری، شجرکاری بیداری، ماحولیات بیداری اور اخلاقی بیداری جیسے سبق آموزپروگرام قابل ذکر ہیں۔
علاوہ ازیں مذہب اِسلام کے تعلق سے عالمی سطح پر پھیلائی جانے والی افواہوں،بدگمانیوں اور غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے’’ اسلام کا حقیقی چہرہ‘‘ (Real Face Of Islam)نام سے طلبا اور طالبات نے ایک خوب صورت اور قابل تعریف ڈرامہ بھی پیش کیاجو اَپنے آپ میں منفرد اور قابل رشک عمل رہا۔مزیدبرآں اِس خوشگوارکے موقع پربہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والےطلبا وطالبات کی خوب خوب حوصلہ افزائی کی گئی اوراِنعامات کے طورپرحضرت شیخ ابوسعید شاہ احسان اللہ محمدی اور مہمان خصوصی محمد احمد،کپتان رمن ہاؤس کے ہاتھوں سبھی کو شیلڈاورٹرافی سے نوازا گیا ۔
اخیرمیں پرنسپل محترمہ علیشاآصف صاحبہ نے تمام شرکاکا شکریہ ادا کیا اور اِس طرح رَاشٹریہ گان کے ساتھ جشن یوم تاسیس کا اختتام ہوا۔نیزواضح رہےکہ اِس پروگرام کی تمام ترانتظامی اُمور کی ذمہ داری ماسٹرساجد سعیدی صاحب نے انجام دی۔
Leave your comment